مریدکے(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب کے علاقے مریدکے میں ایک گھریلو تنازع نے خوفناک صورت اختیار کر لی، جب ایک ماں نے اپنے چار بچوں سمیت زہریلی گولیاں نگل لیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر ابتدائی کارروائی کی گئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 35 سالہ شائشتہ عدنان اور اس کی پانچ سالہ بیٹی ہانیہ کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دو سالہ عثمان، سات سالہ حذیفہ اور چار سالہ ابوہریرہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ماں اور بیٹی کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر لاہور کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔تھانہ سٹی پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی کی کوشش ہے یا کسی نے انہیں گولیاں کھلائیں، اس حوالے سے مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاوند بیرون ملک مقیم ہے اور ماں کو دیوروں کی جانب سے تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔پولیس نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان کی حفاظت اور زخمیوں کو بروقت علاج فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، اور واقعے کی مکمل وجوہات سامنے آنے تک تحقیقات جاری رہیں گی۔
مریدکے میں گھریلو تنازع،ماں نے چار بچوں سمیت زہریلی گولیاں نگل لیں،دو افراد کی حالت تشویشناک
4