معروف ترک سیریز "دیرلیش: ارطغرل” میں ارطغرل کا کردار ادا کرنے والے اداکار انگین آلتان دوزیاتان نے کہا کہ وہ ترکیہ سے باہر پاکستانی عوام کی وجہ سے مشہور ہوئے ہیں۔
ریڈ سی ٹریڈیشنل فلم فیسٹیول میں اداکارہ نورگل یشیلکائے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دوزیاتان نے کہا کہ ترکیہ اور باقی دنیا کے ناظرین میں بہت مماثلت ہے، مگر ارطغرل میں کام کرنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ لوگوں نے اس شو کو خاص توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دل میں اس کردار کیلئے بے پناہ محبت ہے۔ دنیا بھر میں ناظرین تو ایک جیسے ہیں مگر پاکستانیوں کی بات کچھ الگ ہے۔
ارطغرل کے کردار کے اس کے ذاتی زندگی پر اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے دوزیاتان نے کہا کہ اس کردار نے انہیں نہیں بدلا، مگر اس نے ان پر اثر ڈالا جس طرح وہ کردار پر اثرانداز ہوئے تھے۔ انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ارطغرل پر تاریخ کی کتابوں میں صرف ایک صفحہ ہے، اس لیے جب اس پر کام کیا تو انہوں نے بھی کردار کو متاثر کیا۔
اگرچہ ہر کردار میرے لیے اہم ہے، ارطغرل خاص تھا کیونکہ اس نے مجھے دنیا بھر میں مقبول بنایا۔ اس کردار کو ادا کرنے میں اس کی زندگی کے مختلف مراحل کو نبھانا شامل تھا۔
اپنے پسندیدہ کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے دوزیاتان نے کہا کہ وہ 15 سال کی عمر سے اداکاری کر رہے ہیں اور 20 سال کی عمر سے پروفیشنل اداکار ہیں۔ انہوں نے زندگی کے کسی مرحلے میں مصطفیٰ کمال اتاترک کا کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
سعودی عرب میں فلم فیسٹیول میں مدعو کیے جانے پر جب ان سے سوال کیا گیا، تو دوزیاتان نے کہا کہ انہیں اس دعوت پر عزت محسوس ہوئی کیونکہ یہ ایک بہت بڑا فیسٹیول ہے۔