اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام سمر کیمپ 2026 میں شریک طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست میں قومی سلامتی، دہشت گردی اور ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوان نسل کو درپیش معلوماتی جنگ اور پروپیگنڈے کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 میں ملک بھر کے 18 سے زائد شہروں سے نویں سے بارہویں جماعت کے چار ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں، جو مختلف سیشنز کے ذریعے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو نکھار رہے ہیں بلکہ قومی معاملات کے حوالے سے شعور بھی حاصل کر رہے ہیں۔نشست کے دوران طلبہ کو پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز، دہشت گردی کے خطرات اور خطے کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر بلوچستان میں سرگرم بھارتی حمایت یافتہ عناصر، جنہیں فتنہ الہندوستان قرار دیا جاتا ہے اور فتنہ الخوارج کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔سمر کیمپ میں شریک طلبہ و طالبات نے اپنے تاثرات میں کہا کہ انہیں پہلی بار قومی سلامتی سے متعلق حساس اور اہم موضوعات پر براہ راست اور مستند معلومات حاصل ہوئیں،جس سے ان کی سوچ میں وسعت آئی ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ دور میں غلط معلومات اور پروپیگنڈا تیزی سے پھیل رہا ہے،جس کا مقابلہ کرنے کے لیے درست آگاہی ناگزیر ہے۔طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور وہ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرامز نوجوانوں کو نہ صرف باخبر بناتے ہیں بلکہ انہیں ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بھی بناتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ کا انعقاد نوجوانوں میں قومی شعور بیدار کرنے، انہیں درپیش چیلنجز سے آگاہ کرنے اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ایک اہم کاوش ہے، جو مستقبل میں ایک باخبر اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔