امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر مزید حملے سے روکنے کیلئے ڈیموکریٹک کی قرارداد سینیٹ میں مسترد کر دی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ری پبلکن اکثریتی سینیٹ نے یہ قرارداد 53 کے مقابلے 47 ووٹوں سے ناکام بنا دی۔ اس قرارداد میں ایران پر مزید کارروائی کے لیے کانگریس کی منظوری کی ضرورت کا ذکر کیا گیا تھا، جبکہ ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر دوبارہ حملے سے گریز نہیں کریں گے۔
امریکا نے ایران پر حملے کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت جائز قرار دیا ہے۔ سلامتی کونسل کو بھیجے گئے خط میں امریکا نے ایران کے خلاف کارروائی کو اجتماعی دفاع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا ان کا ہدف ہے۔ انہوں نے ایران کے ایٹمی ہتھیاروں کے خطرے کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے پرعزم رہنے کا عزم ظاہر کیا۔