کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)الیون میں ایک بڑا اَپ سیٹ دیکھنے میں آیا ہے جہاں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی جبکہ حیدرآباد کنگزمین نے شاندار کارکردگی کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنا لی ہے،اس غیر متوقع نتیجے نے ایونٹ کی مجموعی صورتحال کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے اور شائقین کرکٹ کو حیران کر دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کراچی میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز اور ہائی اسکورنگ میچ میں پی ایس ایل کے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا، جبکہ حیدرآباد کنگزمین نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس نتیجے نے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کی صورتحال کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔میچ میں راولپنڈی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ لائن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز کا بڑا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔ٹیم کی جانب سے جارح مزاج بیٹر گلین میکسویل نے صرف 37 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی جبکہ عثمان خان نے 54 اور کوشال پریرا نے 50 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں راولپنڈی کی ٹیم آغاز سے ہی دباو میں نظر آئی اور 245 رنز کے بڑے ہدف کے جواب میں صرف 136 رنز پر ڈھیر ہو گئی،یوں حیدرآباد کنگزمین نے 108 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کی۔مخالف ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔اعداد و شمار کے مطابق حیدرآباد کنگزمین کو پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے راولپنڈی کی ٹیم کو کم از کم 158 رنز تک محدود رکھنا تھا،جو انہوں نے نہ صرف حاصل کیا بلکہ ایک شاندار مارجن سے کامیابی بھی سمیٹی۔اس فتح کے ساتھ ٹیم کے 10 پوائنٹس ہو گئے اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر انہوں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ٹورنامنٹ کی مجموعی صورتحال میں پہلے ہی تین ٹیمیں پلے آف کے لیے جگہ بنا چکی تھیں جن میں پشاور زلمی،اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز شامل ہیں جبکہ اب حیدرآباد کنگزمین کی شمولیت نے پلے آف لائن اپ کو مکمل کر دیا ہے۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی غیر متوقع شکست ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دی جا رہی ہے جبکہ کنگزمین کی جارحانہ بیٹنگ نے انہیں مضبوط امیدواروں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔