کوئٹہ(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان میں منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے ایک بڑی اور فیصلہ کن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جو براہِ راست آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت بلوچستان کی واضح ہدایات کے تحت شروع کی گئی ہے، اس مہم میں اینٹی نارکوٹکس فورس اور مقامی اداروں نے مل کر بھرپور حصہ لیا ہے تاکہ صوبے کو منشیات کے عفریت سے مستقل طور پر پاک کیا جا سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران کئی اضلاع میں پوست کی غیر قانونی کاشت کو تلف کر دیا گیا جبکہ منشیات کی پیداوار اور ترسیل سے وابستہ عناصر اور نیٹ ورکس کے خلاف بھی آپریشنز کیے گئے، ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف اس مکروہ دھندے کو ختم کرنا ہے بلکہ ان طاقتور نیٹ ورکس اور دہشت گردوں کے درمیان قائم گٹھ جوڑ کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے، جو ریاست اور معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔حکام کے مطابق یہ مہم محض کارروائیوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کو متبادل ذرائع آمدن بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ دوبارہ منشیات کی کاشت یا اس سے منسلک جرائم کی طرف راغب نہ ہوں، اس ضمن میں روزگار کے مواقع پیدا کر کے مقامی آبادی کو باعزت زندگی گزارنے کے راستے فراہم کرنا حکمتِ عملی کا بنیادی حصہ ہے۔ماہرین کے نزدیک منشیات، جرائم اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ ہی وہ اصل طاقت ہے جو اس پورے نیٹ ورک کو سہارا دیتا ہے۔ اس لیے اسے توڑنے کے لیے ایک مو¿ثر اور پائیدار حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ منشیات کے خلاف یہ مہم محض ایک انتظامی یا سکیورٹی آپریشن نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری ہے جس میں ریاستی اداروں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔حکومتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اس جنگ کو طویل المیعاد بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ بلوچستان اور بالآخر پورے ملک کو منشیات اور اس سے منسلک جرائم سے نجات دلائی جا سکے۔ یہ قدم نہ صرف امن و امان کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کے لیے بھی کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔
بلوچستان میں منشیات کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا آغاز،پوست کی کاشت تلف،نیٹ ورکس کے خاتمے کیلئے کمر کس لی گئی
8