خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ لوئر کرم میں گزشتہ روز پیش آیا جہاں پشاور اور کرم سے آنے والی گاڑیوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 38 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جن کی ابتدائی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی اور ہلاکتوں میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کل صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید مذمت کی تھی۔
اس افسوسناک حادثے کے بعد طوری قبیلے نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ مسافر گاڑٰیوں پر فائرنگ کا یہ پہلا واقع نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی اس طرح کے کئی واقعات ہوچکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کی واردات کرنے والوں کو جلد انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔