جنگ بندی معاہدے کے باوجود ضلع کرم میں تازہ جھڑپوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 107 تک پہنچ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تازہ جھڑپوں میں مزید پانچ افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔ یہ افسوسناک واقعہ قبائل کی جانب سے 10 دن کی نئی جنگ بندی پر رضامندی کے ایک دن بعد پیش آیا ہے۔ کرم میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے دفتر سے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ کرم میں متحارب فریقوں کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی آج سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔
ضلع میں قبائل کے درمیان جھگڑے میں کم از کم 107 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جن میں 21 نومبر کو ایک قافلے پر فائرنگ میں 52 افراد بھی شامل ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ حالیہ جھڑپوں میں 55 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تشدد کے باعث پاراچنار پشاور روڈ آٹھ روز سے بند تھا۔
ادھر کرم کے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود نے کہا ہے کہ مرکزی شاہراہ کی بندش کے باعث خرلاچی بارڈر پر افغانستان کے ساتھ تجارت بھی معطل ہوگئی۔