Home » نئی دہلی میں قائم غیر قانونی ہوٹل میں قیامت خیز آتشزدگی،ہلاکتیں 21 تک پہنچ گئیں،درجنوں افراد زخمی

نئی دہلی میں قائم غیر قانونی ہوٹل میں قیامت خیز آتشزدگی،ہلاکتیں 21 تک پہنچ گئیں،درجنوں افراد زخمی

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

نئی دہلی(ایگزو نیوز ڈیسک)نئی دہلی ایک بار پھر ایک ہولناک سانحے کی لپیٹ میں آ گیا ہے جہاں مالویہ نگر میں قائم مبینہ غیر قانونی ہوٹل میں اچانک بھڑکنے والی قیامت خیز آتشزدگی نے درجنوں زندگیاں نگل لیں۔ آگ نے چند ہی لمحوں میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جبکہ متعدد شدید زخمی ہو گئے اور پورا علاقہ خوف و ہراس کی تصویر بن گیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق ہندوستانی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں واقع ایک ہوٹل میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے،جس نے بھارتی دارالحکومت میں ہنگامی صورتحال پیدا کر دی۔بھارتی حکام کے مطابق بدھ کی صبح جنوبی دہلی میں واقع ”فلورش سٹے بی اینڈ بی“ نامی ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،جس نے چند ہی لمحوں میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ اور گھنے دھوئیں کے باعث اندر موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جبکہ جان بچانے کی کوشش میں دو خواتین کو عمارت سے چھلانگ لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔دہلی فائر سروس کو صبح تقریباً 9 بجے اطلاع موصول ہونے کے بعد آٹھ فائر ٹینڈرز،واٹر ٹینکرز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو اہلکاروں نے اب تک 40 سے زائد افراد کو زندہ نکال لیا ہے جبکہ متعدد زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر تہہ خانے سے تین افراد کو زندہ بچایا گیا تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا گیا اور بعد ازاں حکام نے 21 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ذرائع کے مطابق ہوٹل کو حکومت کی بیڈ اینڈ بریک فاسٹ اسکیم کے تحت صرف 6 کمروں کی اجازت حاصل تھی تاہم مبینہ طور پر وہاں 25 سے زائد کمرے چلائے جا رہے تھے،جن میں کچھ تہہ خانے میں بھی قائم تھے۔اس انکشاف کے بعد عمارت کی حفاظتی صورتحال اور فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔
آگ پر قابو پانے کے بعد عمارت کی تصاویر میں سامنے آنے والے مناظر انتہائی خوفناک تھے،جہاں عمارت کا اگلا حصہ مکمل طور پر جل چکا تھا جبکہ کئی منزلوں کی کھڑکیاں دھوئیں اور شعلوں کے باعث سیاہ ہو چکی تھیں۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ کیا تھی اور آیا عمارت میں فائر سیفٹی کے معیارات پر عمل کیا جا رہا تھا یا نہیں۔دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک افراد کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز