لوئر دیر(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں دہشت گردوں نے پولیس کے قافلے پر منظم اور مہلک حملہ کیا،جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ 19 دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ لڑم ٹاپ کے قریب حیدر کے مقام پر اس وقت کیا گیا جب پولیس کا قافلہ معمول کی گشت پر گزر رہا تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے پولیس قافلے کو نشانہ بنانے کے لیے دستی بم پھینکے، جس کے فوراً بعد خودکار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی۔ اچانک ہونے والی اس کارروائی کے باعث قافلے میں شامل اہلکار سنبھل نہ سکے اور جانی نقصان ہوا۔حملہ آوروں نے موقع پر موجود پولیس کی دو گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی، جس سے مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔پولیس اور سکیورٹی فورسز نے واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں میں ناکہ بندی بھی کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تیمرگرہ اور چکدرہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حساس مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس پھیلانا اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا ہے تاہم سکیورٹی فورسز ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھیں گی۔