آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی پہلی تیلگو فلم ‘رابن ہڈ’ 28 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر اپنی پہلی تیلگو فلم "رابن ہڈ” کے ذریعے بھارتی سنیما میں قدم رکھ رہے ہیں، جس کی ریلیز کی تاریخ سامنے آ گئی ہے۔ وارنر کرکٹ کی دنیا میں اپنی کامیابیوں کیلئے مشہور ہیں، اور اب فلم میں ایک مختصر مگر اہم کردار ادا کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، وارنر کی یہ پہلی بھارتی فلم 28 مارچ کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ حال ہی میں، انہوں نے فلم کا پوسٹر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے بھارتی سنیما میں انٹری کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ "رابن ہڈ” کا حصہ بن کر بہت پرجوش ہیں۔
فلم میں نیتھن اور سری لیلا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ وارنر بھارت میں آئی پی ایل کے دوران اپنی مشہوریت کے باعث کافی معروف ہیں، اور ان کی تامل گانوں پر ڈانس کی ٹک ٹاک ویڈیوز بھی وائرل ہوچکی ہیں۔