کرکٹ آسٹریلیا نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر-گواسکر سیریز کی اختتامی تقریب میں آسٹریلوی کپتان کو ٹرافی پیش کرتے وقت بھارت کے لیجنڈری بلے باز سنیل گواسکر کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دینی چاہیے تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا ہم تسلیم کرتے ہیں کہ یہ بہتر ہوتا اگر ایلن بارڈر اور سنیل گواسکر دونوں کو اسٹیج پر مدعو کیا جاتا۔ تاہم، کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ گواسکر کو مطلع کیا گیا تھا کہ اگر مہمان ٹرافی اپنے پاس رکھتے تو وہ یہ ایوارڈ بھارتی کپتان جسپریت بمراہ کو دیتے۔ آسٹریلیا نے 10 سال بعد ٹرافی اپنے نام کی جس کے نتیجے میں ایلن بارڈر کو ٹرافی آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کو پیش کرنے کیلئے مدعو کیا گیا۔
خیال رہے کہ سابق کپتان ایلن بارڈر نے ہوم ٹیم کو ٹرافی پیش کی لیکن گواسکر کو وہاں موجود ہونے کے باوجود نظر انداز کیا گیا۔
لیجنڈری بھارتی کرکٹر نے کہا میں یقینی طور پر پریزنٹیشن کیلئے وہاں موجود ہونا پسند کرتا۔ آخر یہ بارڈر-گواسکر ٹرافی ہے اور یہ آسٹریلیا اور بھارت کے بارے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنے اچھے دوست ایلن بارڈر کے ساتھ ٹرافی پیش کرنے میں خوشی ہوتی۔
واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا دونوں 1996-1997 سے بارڈر-گواسکر ٹرافی کیلئے مقابلہ کر رہے ہیں۔