اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے یکم اکتوبر تک کی مہلت دے دی ہے، اس کے بعد بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد حمزہ ہمایوں نے واضح کیا ہے کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کو نہ صرف گرفتار کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہوں گے، جب کہ ایسی گاڑیوں کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔سی ٹی او کے مطابق شہری یکم اکتوبر تک فیض آباد، ایف سیکس سہولت مرکز اور ٹریفک سہولت وینز سے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ لائسنس کی صرف ڈیجیٹل کاپی دکھانا ناکافی ہوگا، اس لیے ڈرائیورز کو لائسنس کی اصل فزیکل کاپی اپنے ساتھ رکھنی ہوگی۔حمزہ ہمایوں نے کہا کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ ہے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کسی شہری کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔
اسلام آباد میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر کریک ڈاون،یکم اکتوبر کے بعد گرفتاری اور مقدمات کا اعلان
11