لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)سردی نے پورے صوبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، یخ بستہ ہواوں اور گھنی دھند نے روزمرہ زندگی کی رفتار تھام لی، حدِ نگاہ کم، سڑکیں سنسان اور سفری خطرات بڑھ گئے۔ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد شہریوں، مسافروں اور ڈرائیورز کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ شدید دھند اور سردی کے اس نئے سپیل نے آئندہ دنوں میں حالات مزید مشکل ہونے کے اشارے دے دیے ہیں،کیا یہ سرد لہر معمولاتِ زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کر دے گی؟اس سوال سے ہر شہری پریشان دکھائی دیتا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب،بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا خدشہ ہے،جس کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ مری،گلیات اور گردونواح میں شدید سردی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔سیالکوٹ، نارووال،جہلم،گوجرانوالہ،گجرات،لاہور،شیخوپورہ،اوکاڑہ،قصور،ساہیوال،خانیوال،فیصل آباد،جھنگ،لیہ،بھکر،نورپور تھل،ڈی جی خان،راجن پور،شورکوٹ،ملتان،کوٹ ادو،بہاولنگر،خانپور،بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم سکھر،روہڑی،شکارپور،کشمور،شہید بینظیرآباد،دادو،لاڑکانہ،ٹنڈوجام،موہنجوداڑو اور اطرافی علاقوں میں دھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی متوقع ہے۔پشاور، مردان،نوشہرہ،چارسدہ،صوابی،بنوں،کرک،لکی مروت،ڈی آئی خان اور گردونواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی سخت سردی برقرار رہے گی تاہم صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے اور موسمی صورتحال کے پیش نظر ضروری حفاظتی اقدامات اپنانے کی ہدایت کی ہے۔