Home » ذہنی جنگیں،پراکسیز اور غیر یقینی چیلنجز،مستقبل کے قائدین کو فیصلہ کن بننا ہو گا،فیلڈ مارشل عاصم منیر کا این ڈی یو میں دوٹوک پیغام

ذہنی جنگیں،پراکسیز اور غیر یقینی چیلنجز،مستقبل کے قائدین کو فیصلہ کن بننا ہو گا،فیلڈ مارشل عاصم منیر کا این ڈی یو میں دوٹوک پیغام

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کے دورے کے موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی سیکیورٹی ماحول پر جامع خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کے قائدین کو پیچیدہ، کثیرالجہتی اور ذہنی جنگی چیلنجز کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا ہوگا، کیونکہ دشمن اب براہ راست محاذ آرائی کے بجائے بالواسطہ، مبہم اور پراکسی طریقوں سے اندرونی کمزوریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس میں شریک سول و عسکری شرکا نے قومی سلامتی کو درپیش موجودہ اور ابھرتے ہوئے چیلنجز پر مبنی تحقیقی و تجزیاتی پینلز پیش کیے۔ فیلڈ مارشل کو ان بریفنگز میں داخلی، علاقائی اور عالمی سیکیورٹی منظرنامے، خطرات اور ممکنہ حکمت عملیوں پر تفصیلی آگاہی دی گئی۔خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت روایتی اور غیر روایتی خطرات کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس، سائبر، معلوماتی، عسکری اور معاشی محاذوں پر بھی مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان متنوع خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ جہتی تیاری اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان موثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دشمن عناصر براہ راست جنگ کے بجائے پراکسیز، نفسیاتی حربوں اور داخلی کمزوریوں کے استحصال پر انحصار کر رہے ہیں، جس کے لیے مستقبل کی قیادت کو بروقت شناخت، پیش بینی اور موثر تدارک کی صلاحیتوں سے آراستہ ہونا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر یقینی حالات میں واضح اور مضبوط فیصلہ سازی، فکری استحکام اور ذہنی مضبوطی موثر قیادت کی بنیادی علامات ہیں۔انہوں نے اسٹریٹجک سوچ رکھنے والی قیادت کی تیاری میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ڈی یو پیشہ ورانہ عسکری تعلیم، علمی بصیرت اور تحقیقی صلاحیتوں کے ذریعے پالیسی سازی اور عملی نتائج میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ فیلڈ مارشل کے مطابق پیشہ ورانہ عسکری تعلیم ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے، مقامی مہارتوں کے فروغ اور طویل المدتی قومی استحکام کی بنیاد ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پینلز کے گہرے تجزیے اور نتائج کو سراہتے ہوئے شرکا کو تلقین کی کہ وہ دیانت، نظم و ضبط اور بے لوث خدمت کی اقدار کو ہر صورت برقرار رکھیں، چوکنا، لچکدار اور ثابت قدم رہیں تاکہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں موثر قومی قیادت فراہم کی جا سکے۔قبل ازیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر صدر این ڈی یو نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز