آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس ہمدردی، سخاوت اور خیر سگالی کی آفاقی قدروں کا اظہار کرتی ہے۔
انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، آرمی چیف نے مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف اُن کو مبارکباد پیش کی بلکہ راولپنڈی کے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ مسیحی برادری نے بھی جنرل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
انہوں نے پاکستان کی ثقافتی، سماجی، اقتصادی اور قومی ترقی میں اقلیتوں اور مسیحی برادری کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا، جو قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہیں۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے بانی قوم قائداعظم محمد علی جناح کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ قائد کی دور اندیش قیادت، غیر متزلزل عزم اور ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر ثابت قدمی نے نہ صرف پاکستان کی تعمیر کی راہ ہموار کی بلکہ قوم کی تعمیر کا ایک لازوال خاکہ بھی فراہم کیا۔