پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اہم اجلاس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ وہی ہوگا جسے بانی عمران خان نے نامزد کیا ہے، پارٹی کے اندر مکمل اتفاق رائے موجود ہے اور وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ اجلاس میں پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے شرکت کی۔اجلاس میں سلمان اکرم راجہ،اسد قیصر،جنید اکبر، سپیکر کے پی اسمبلی بابر سواتی اور دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے،اس دوران پارٹی کی اندرونی حکمت عملی، اسمبلی اجلاس کے شیڈول اور ممکنہ سیاسی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی نظم و ضبط کے تحت چلتی ہے اور کسی کو بھی بانی پی ٹی آئی کے فیصلے سے اختلاف کا حق نہیں،ہمیں امید ہے کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل ہموار انداز میں مکمل ہوگا، ہماری ترجیح کسی قسم کی کشیدگی نہیں بلکہ آئینی اور جمہوری تقاضوں کے تحت حل نکالنا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی مرحلے پر آئینی پیچیدگی پیدا ہوئی تو عدالت عالیہ سے رجوع کیا جائے گا تاکہ آئین کی بالادستی یقینی بنائی جا سکے،یہ ایک سیاسی نہیں بلکہ آئینی عمل ہے،ہم عدالتوں،اداروں اور قانون کا احترام کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ ہونے والے اسمبلی سیشن کے حوالے سے پارٹی کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت ہوئی،ارکان نے اپنی وفاداری اور اتحاد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی نامزدگی کے فیصلے پر مکمل طور پر عملدرآمد کریں گے۔اجلاس میں موجود رہنماوں نے کہا کہ صوبے کے اندر غیر ضروری مداخلت اور سیاسی دباو قبول نہیں کیا جائے گااور اگر کسی نے عوامی مینڈیٹ کے خلاف سازش کرنے کی کوشش کی تو پی ٹی آئی اس کا بھرپور جواب دے گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے جوڑ توڑ کے اس ماحول میں بیرسٹر گوہر کا یہ بیان پارٹی کے اندر ایک مضبوط پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، نہ صرف پارٹی صفوں میں اعتماد بحال کیا ہے بلکہ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ واضح پیغام بھی دیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں فیصلہ سازی اب صرف ایک ہاتھ میں مرکوز ہے اور وہ ہے عمران خان۔