Home » حقیقی آزادی یا شہادت، تیسرا راستہ نہیں،گولی اور بندوق سے نہیں ڈریں گے،27 ستمبر کو انقلاب ہو گا،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

حقیقی آزادی یا شہادت، تیسرا راستہ نہیں،گولی اور بندوق سے نہیں ڈریں گے،27 ستمبر کو انقلاب ہو گا،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

بونیر(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو 40 لاکھ افراد اپنے مطالبات اور سیاسی موقف کے حق میں اسلام آباد کی جانب نکلیں گے اور اس مرتبہ احتجاج سے خالی ہاتھ واپس نہیں آئیں گے۔انہوں نے 27 ستمبر کو ”انقلاب“ کا دن قرار دیتے ہوئے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مقصد سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق بونیر کے سواڑی چوک میں سٹریٹ موومنٹ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے مطالبات کے لیے بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی،کارکن گولی اور بندوق سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور حقیقی آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ”حقیقی آزادی لینی ہے یا شہادت قبول کرنی ہے،تیسرا کوئی راستہ نہیں۔“ انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کو بڑی تعداد میں عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور یہ احتجاج محض ایک سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ اپنے حقوق کے لیے فیصلہ کن آواز ثابت ہوگا۔سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی معاملے پر بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تین ججز نے عمران خان کا ان کی بہن اور ذاتی معالج کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں علاج کرانے کا حکم دیا تھا تاہم ان کے بقول حکومت اور انتظامیہ نے اس عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا۔وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ عدالتی فیصلے کو نظرانداز کرنا صرف متعلقہ ججز کی توہین نہیں بلکہ پوری عدلیہ کے وقار سے متعلق سوال ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایسے ججز کے ساتھ کھڑے ہوں گے جو ان کے بقول آئین، قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلے کرتے ہیں۔

سہیل آفریدی نے حکمرانوں پر آئین و قانون سے بالاتر ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی ملک میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قوانین قابل قبول نہیں۔ان کے مطابق تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کا بنیادی مقصد بھی قانون کی یکساں حکمرانی اور عوامی حقوق کا تحفظ ہے۔عمران خان کے سیاسی کردار کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نوجوانوں کے مقبول رہنما ہیں اور وہ عوامی طاقت کے ذریعے ہی دوبارہ سیاسی میدان میں موثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عمران خان مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں،اسی طرح کارکن بھی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور انہیں اپنے مقصد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹایا جا سکتا۔انہوں نے کارکنوں کو خبردار کیا کہ بعض عناصر احتجاج کی سمت تبدیل کرنے یا انہیں اصل مقصد سے ہٹانے کی کوشش کرسکتے ہیں تاہم کارکن کسی قسم کی سیاسی تقسیم یا توجہ ہٹانے کی کوشش کا شکار نہ ہوں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے بیرونی دباو کے سامنے ”ایبسولوٹلی ناٹ“ کا موقف اختیار کیا اور ان کے بقول وہی ملک کو خودمختاری،معاشی استحکام اور قومی یکجہتی کی طرف لے جا سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان آئندہ نسلوں کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں،اس لیے کارکنوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے سیاسی موقف اور جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے اداروں کے احترام اور قومی یکجہتی کے حوالے سے بھی عمران خان کے کردار کو سراہا۔ملک کی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے موجودہ حکمرانوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے اور موجودہ حکمران ملکی معیشت اور ریاستی اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایسے ہر فیصلے کے خلاف مزاحمت کرے گی جو ان کے بقول عوام کے مفادات کے منافی ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی حقوق،آئین کی بالادستی اور قانون کی یکساں حکمرانی کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

بونیر کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس علاقے کے لوگوں نے ہمیشہ عمران خان سے محبت کا اظہار کیا ہے،عمران خان نے بونیر کے عوام کو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کی قیادت میں بھی اہم ذمہ داری دی،جسے وہ بونیر کے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔سہیل آفریدی نے نوجوانوں کو تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کا اہم ترین حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی وہ جاتے ہیں،وہاں بڑی تعداد میں نوجوان نظر آتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو علامہ اقبال کے ”شاہین“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل انہی کے ہاتھ میں ہے اور آنے والے وقت میں انہیں قومی معاملات میں اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے خطاب میں کارکنوں سے 27 ستمبر کے احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس دن بڑی تعداد میں عوام اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے۔ان کے بقول اس احتجاج کا مقصد عمران خان کی رہائی،عدالتی احکامات پر عملدرآمد،آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز