پشاور(بیورو رپورٹ)صوبہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بدترین صورتحال سے شہریوں میں عدم تحفظ پریشان کن حد تک بڑھ چکا ہے جبکہ حکومتی اراکین اور سیاسی جماعتوں میں بھی اس حوالے سے شدید تحفظات پائے جاتے ہیں،اس مخدوش صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے اگلے ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا،دہشت گردی کے حالیہ واقعہ میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب کے ورثاء کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کی منظوری۔
’ایگزو نیوز‘کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر اگلے ہفتے آل پارٹیزکانفرنس بلانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ مشاورت کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی،اس مسئلے کے پائیدار حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے،جرگوں اور مقامی عمائدین کی مشاورت سے دیگر علاقوں میں بھی امن قائم کیا جا سکتا ہے،جیسا کہ صوبائی حکومت کی کوششوں سے ضلع کرم میں بحال کیا گیا۔کابینہ اجلاس میں 3 ایم پی او کے قانون پر بھی تفصیلی غور ہوا اور اس قانون میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا،اب 3 ایم پی او کا نفاذ محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی پیشگی اجازت سے مشروط ہو گا تاکہ اس قانون کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔اجلاس میں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے خیبر پختون خوا کے شہداء کے ورثاء کے لیے فی کس 50 لاکھ روپے معاوضے جبکہ دہشت گردی میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب کے ورثاء کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کی منظوری بھی دی گئی۔
خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بدتر صورت حال،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا
10