Home » ستھرا پنجاب ماڈل نے دنیا کو متاثر کر دیا،دیگر صوبے بھی رہنمائی کے خواہشمند،عظمیٰ بخاری کا دعویٰ

ستھرا پنجاب ماڈل نے دنیا کو متاثر کر دیا،دیگر صوبے بھی رہنمائی کے خواہشمند،عظمیٰ بخاری کا دعویٰ

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک منفرد اور کامیاب ماڈل کے طور پر اپنی شناخت بنا چکا ہے، جس کے مثبت اثرات اب دیگر صوبوں تک بھی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، پنجاب کی صفائی اور انتظامی اصلاحات کو دیکھ کر دیگر صوبے بھی اس ماڈل سے استفادہ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبے بھر میں صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے اثرات باقی صوبوں تک منتقل ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق سندھ حکومت بھی ستھرا پنجاب پروگرام سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے کوڑے کرکٹ کو قابلِ استعمال بنا کر بائیو گیس پیدا کرنے کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کر دیا ہے، جو ماحول دوست اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت بھی ستھرا پنجاب ماڈل سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہشمند ہے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری نے باقاعدہ طور پر ستھرا پنجاب پروگرام کے ماڈل، طریقہ کار اور انتظامی تفصیلات طلب کی ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نہ صرف پاکستان کے دیگر صوبوں بلکہ عالمی سطح پر بھی اس پروگرام کے تحت رہنمائی فراہم کر رہی ہے اور برطانیہ کے شہر برمنگم کو بھی ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے گائیڈ لائنز دی جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے دیگر ترقیاتی اقدامات بھی کامیابی سے جاری ہیں، جن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، ماڈل ویلج پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پلان شامل ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے شہری سہولیات میں بہتری، دیہی ترقی اور عوامی فلاح کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس حوالے سے اپنا موقف پہلے ہی واضح کر چکی ہیں۔ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا دوٹوک پیغام ہے کہ اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی بھی کامیاب منصوبے کی فیزیبلٹی، تکنیکی معاونت یا رہنمائی درکار ہو تو پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کے طور پر دیگر صوبوں کی عوامی فلاح کے منصوبوں میں بھرپور مدد فراہم کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت چاہتی ہے کہ سندھ اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے تمام صوبوں کے عوام بھی وہی سہولیات حاصل کریں جو پنجاب کے شہریوں کو میسر آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور حکومت کی خواہش ہے کہ جیسے پنجاب صاف ستھرا ہے ویسے ہی پورا پاکستان صاف ستھرا نظر آئے۔انہوں نے زور دیا کہ سیاسی تلخیوں، الزام تراشی اور گالی گلوچ کی سیاست سے نکل کر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے بلکہ تمام صوبوں کو مل کر ایک دوسرے کے کامیاب ماڈلز سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ ملک مجموعی طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز