انٹر سروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ چین کے دوران دوست ملک کی عسکری قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ساحر شمشاد مرزا عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ہی ویڈونگ اور سی ایم سی کے جوائنٹ اسٹاف ڈیپارٹمنٹ کے چیف جنرل لیو ژینلی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور 11 ویں بیجنگ ژیانگ شان فورم میں علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کے کردار پر گفتگو کی۔
ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے پاک چین تاریخی تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری اور دفاعی تعاون میں پیش رفت کا اعتراف کیا۔
چینی قیادت نے پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر حمایت کیلئے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔