چینی ماہرین نے دنیا کی سب سے تیز رفتار فلیش میموری ڈیوائس تیار کرلی ہے، جو ایک بٹ ڈیٹا کو صرف 400 پیکو سیکنڈز میں محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق "PoX” نامی اس نئی ٹیکنالوجی نے ڈیٹا اسٹوریج کی رفتار میں موجودہ سیمی کنڈکٹر میموریز جیسے اسٹیٹک اور ڈائنامک ریم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جو ایک بٹ ذخیرہ کرنے کے لیے 1 سے 10 نینو سیکنڈز لیتی ہیں۔
واضح رہے کہ ایک پیکوسیکنڈ، ایک نینو سیکنڈ کا ہزارواں حصہ ہوتا ہے، جو اس ڈیوائس کی رفتار کو غیر معمولی بناتا ہے۔
یہ نئی فلیش میموری، یو ایس بی ڈیوائسز کی طرح، بغیر بجلی کے بھی ڈیٹا محفوظ رکھ سکتی ہے، جبکہ اس کی رفتار جدید اے آئی سسٹمز کی ضروریات کو بخوبی پورا کر سکتی ہے، جو موجودہ میموریز میں ممکن نہیں تھا۔