بیجنگ(ایگزو نیوز ڈیسک)چینی وزیر خارجہ وانگ زی نے غزہ کی تازہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین پر صرف فلسطینی عوام کی حکمرانی کا اصول لاگو ہونا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر قبضے کی منصوبہ بندی پورے مشرق وسطیٰ کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق چین نے اسرائیل اور غزہ کے تنازع پر واضح موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کا حق حکمرانی ناقابلِ تنسیخ ہے اور عالمی برادری کو اس اصول پر متفق ہونا چاہیے۔ وزیر خارجہ وانگ ڑی نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے کے علاقے فلسطینیوں کے ہیں اور وہاں صرف فلسطینی عوام کی حکمرانی کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں جاری جنگ نے بے مثال انسانی تباہی کو جنم دیا ہے اور لاکھوں بے گناہ افراد مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے بقول، یہ صورتحال عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہے اور دنیا کو مزید تاخیر کے بغیر انسانی بحران کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔وانگ زی نے خبردار کیا کہ اسرائیل کا غزہ پر قبضے کا منصوبہ مشرق وسطیٰ کو ایک نئے دور کی تباہی اور تنازع میں دھکیل سکتا ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوگا۔چینی وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کا دفاع کرے اور جنگ بندی، انسانی امداد اور دو ریاستی حل کی عملی کوششوں کو آگے بڑھائے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔
اسرائیل کا غزہ پر قبضہ مشرق وسطیٰ کو تباہی کی طرف دھکیل دے گا،فلسطینی حکمرانی ناگزیر ہے:چینی وزیر خارجہ
5