چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ کی سربراہی میں چین کے تجارتی وفد کی صدر آصف علی سے ملاقات، چینی وفد پاکستان کے میڈیکل سٹی میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
اس موقع پر صدر نے کہا کہ اس سے دونوں برادر ممالک کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے انہوں نے دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان بالخصوص سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔
چینی وفد نے ملک کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان میں میڈیکل سٹی کی تعمیر کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا عندیہ دیا۔
وفد نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، لائیو سٹاک، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور تاریخی برادرانہ تعلقات کے علاوہ اہم امور پر مشترکہ مفادات اور خیالات ہیں۔