راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے شہید میجر عدنان اسلم کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کی اور شہید کی بہادری کو قوم کے لیے فخر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور منگل کے روز بنوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر عدنان اسلم کے راولنڈی میں واقع گھر پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔انہوں نے گفتگو کے دوران کہا کہ میجر عدنان اسلم نے دہشتگردوں کے خلاف انتہائی دلیری اور شجاعت کے ساتھ لڑتے ہوئے جان کی قربانی دی، اور پوری قوم ان کی اس لازوال قربانی پر نازاں ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ شہداءکے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اس موقع پر کہا کہ ملک کے امن کے لیے فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداءکے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے شہید میجر عدنان کے والدین کو یقین دلایا کہ ان کے بیٹے کی قربانی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور حکومت ان کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور میجر عدنان اسلم شہید کے گھر پہنچ گئے،اہل خانہ سے ملاقات شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین
6