چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے شائقین کرکٹ کا جوش بڑھانے کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نیا پرومو جاری کر دیا ہے۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی، شاداب خان، انگلینڈ کے بلے باز فل سالٹ، بھارت کے ہارڈک پانڈیا اور افغانستان کے محمد نبی پرومو میں نظر آ رہے ہیں، جس میں یہ کھلاڑی قیمتی ٹرافی کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں کھلاڑی اس محنت اور مقابلے کی بات کرتے ہیں جو انہیں چمکدار ٹرافی کو جیتنے کیلئے کرنا پڑتی ہے۔ اس منظر کو ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو اس قیمتی ایونٹ کیلئے کوشاں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اس ایونٹ کی میزبانی ‘ہائبرڈ ماڈل’ کے تحت کرے گا، جس کے مطابق بھارت اپنے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔ اس سے پہلے، آئی سی سی نے ایونٹ کا لوگو بھی متعارف کرایا تھا۔ چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔