پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ویڈیو پیغام دینا مہنگا پڑ گیا، ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش پر مقدمات درج کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے خلاف ڈیرہ غازی خان ، راجن پور، ملتان اور گوجرانوالہ میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ مقدموں میں کہا گیا کہ بشری بی بی نے لوگوں کے مذہبی جذبات ابھارنے کی کوشش کی۔ مختلف شہریوں کی درخواست پر پولیس نے ٹیلی گراف ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی ار میں کہا گیا کہ بشری بی بی کا بیان پاکستان اور سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کے خلاف ہے۔ یہ بیان ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس سے عوام کے جذبات مجروع ہوئے۔ ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا کہ بشری بی بی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائی ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعہ 126 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سابق خاتون اول کے اس بیان پر پی ٹی آئی نے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اسے اُن کی ذاتی رائے قرار دیا تھا۔