Home » شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ لاپتا،سمندر میں ہنگامی سرچ آپریشن شروع

شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ لاپتا،سمندر میں ہنگامی سرچ آپریشن شروع

by ahmedportugal
10 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)شارجہ سے کراچی آنے والی کے ٹو ایئرویز کی کارگو پرواز سے دورانِ پرواز اچانک رابطہ منقطع ہونے کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے سمندر میں ہنگامی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ کراچی سے دور سمندری حدود میں ریڈار سے غائب ہوا۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق نجی ایئر لائن کی پرواز KTA1732، بوئنگ 737-400 (رجسٹریشن AP-BOI) شارجہ سے کراچی آرہی تھی کہ رات 9 بج کر 18 منٹ پر کراچی سے تقریباً 150 ناٹیکل میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے رہنمائی طلب کی۔ کنٹرول حکام نے عملے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کی۔اتھارٹی کے مطابق چند ہی لمحوں بعد طیارے کو غیر معمولی طور پر دائیں جانب مڑتے اور تیزی سے بلندی کھوتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں اس کی نزولی رفتار تقریباً 15 ہزار فٹ فی منٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران طیارے سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کوئی جواب موصول نہ ہوا۔پی اے اے کا کہنا ہے کہ رات 9 بج کر 21 منٹ پر طیارہ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں ریڈار سے مکمل طور پر غائب ہوگیا، جس کے ساتھ ہی مواصلاتی اور ریڈار رابطہ بیک وقت منقطع ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق طیارہ کراچی سے سینکڑوں ناٹیکل میل دور سمندری حدود میں لاپتا ہوا، جہاں ممکنہ حادثے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔حکام کے مطابق پرواز میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ ریسکیو کوآرڈی نیشن سینٹر کو فوری طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور بحری و فضائی وسائل کو تلاش کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز