ٹورنٹو (اسلم مراد )کینیڈا نے اپنی سفری پالیسیوں میں تبدیلی کرتے ہوئے مشہور زمانہ دس سالہ وزٹ ویزہ ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ اب لمبے عرصے کے ویزہ کی بجائے کم عرصہ کا سنگل انٹری ویزہ جاری کیا جاسکتا ہے اور اس حوالے سے ہائی کمیشن میں ویزہ آفیسر کے اختیارات میں بے انتہاء اضافہ کردیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا ماضی میں دس سال یا جب تک پاسپورٹ کی مدت باقی ہو وزٹ ویزہ جاری کرتا تھا لیکن اب کینیڈا نے اس پالیسی کو ختم کرتے ہوئے ویزہ آفیسر کو و سیع اختیارات دے دئیے ہیں کہ وہ ہر درخواست گزار کی مالی حیثیت ، ٹریول ہسٹری اور دوسرے عوامل کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کریں کہ آیا وہ اس کے اہل ہیں یا نہیں اب امیگریشن آفیسر چند دن کی سنگل انٹری ویزہ بھی دے سکتا ہے یا پھر زیادہ عرصہ کا ملٹی پل انٹری ویزہ بھی دے سکتا ہے اور اس کے اس اختیار کو چیلنج نہیں کیا جاسکے گا ۔
کینیڈا اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے ایک جانب بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے تو دوسری جانب گھروں کی کمی نے خطرناک صورت اختیار کرلی ہے ایسے وقت میں کم مدت کے ویزے کا فیصلہ اس لیے کیا جارہا ہے تاکہ سیر و تفریح کے لیے آنے والے لمبی مدت کے لیے قیام نہ کرسکیں ۔ دوسری جانب کینیڈا کی حکومت دس لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن اور زائد مدت قیام والے لوگوں کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے ایک بڑا پروگرام شروع کرنے جارہی ہے جس کے تحت کینیڈا کو غیر قانونی یا اوور سٹے ہونے والے افراد سے پاک کیا جائے گا