Home » کینیڈا گیٹ وے اینڈ لائف سٹائل ایکسپو 2026،سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے

کینیڈا گیٹ وے اینڈ لائف سٹائل ایکسپو 2026،سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

اونٹاریو(ایگزو نیوز ڈیسک)کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز کے زیر اہتمام کینیڈا گیٹ وے اینڈ لائف سٹائل ایکسپو 2026 کا انعقاد کیا گیا،جس میں صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز،کامرس اینڈ انویسٹمنٹ چوہدری شافع حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ممبر پنجاب اسمبلی محمد شعیب صدیقی مہمانِ اعزاز تھے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز کے زیر اہتمام کینیڈا گیٹ وے اینڈ لائف سٹائل ایکسپو 2026 کا انعقاد کیا گیا،جس میں صنعت،تجارت،سرمایہ کاری اور بالخصوص رئیل سٹیٹ کے شعبے سے وابستہ شخصیات اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب میں پنجاب کے وزیر برائے انڈسٹریز،کامرس اینڈ انویسٹمنٹ چوہدری شافع حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ممبر پنجاب اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے مہمان اعزاز کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے ایکسپو سے خصوصی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ایکسپو کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں کاروباری مواقع کو اجاگر کرنے،سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نجی شعبے،کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔چوہدری شافع حسین نے کینیڈین چیمبر آف کامرس اور وہاں موجود کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

مہمان اعزاز ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں رئیل سٹیٹ کا شعبہ تیزی سے ایک ابھرتی ہوئی صنعت کی شکل اختیار کر رہا ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے اس شعبے میں متعدد مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ رہائشی اور کمرشل یونٹس میں با اعتماد اور محفوظ سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں تاہم سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے شفافیت،اعتماد اور معیاری منصوبہ بندی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشیں صرف کاروباری منصوبوں کی تشہیر کا ذریعہ نہیں بلکہ ملکی مصنوعات،سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروباری صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موثر پلیٹ فارم بھی ثابت ہوتی ہیں،پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو عالمی کاروباری برادری کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے اس نوعیت کی تقریبات کا تسلسل ضروری ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کینیڈا گیٹ وے اینڈ لائف سٹائل ایکسپو 2026 کاروباری روابط کے فروغ،سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ترقی و خوشحالی کے نئے اہداف متعین کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی عسکری اور سیاسی قیادت معاشی استحکام اور مضبوط معیشت کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جبکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے نجی شعبے اور سرمایہ کار برادری کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔

تقریب کے دوران پاکستان اور کینیڈا کی کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے،سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مارکیٹ میں موجود کاروباری مواقع کو عالمی سرمایہ کاروں تک پہنچانے کے لیے ایسے پلیٹ فارمز موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ایکسپو کے میزبان اور ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز کے سی ای او رانا محمد تنویر نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپو کے انعقاد کا بنیادی مقصد عالمی معیار کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا اور پاکستان میں موجود کاروباری امکانات کو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنا ہے۔رانا محمد تنویر نے کہا کہ ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز کاروباری برادری،سرمایہ کاروں اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ سرمایہ کاری کے نئے راستے پیدا ہوں اور پاکستان کے کاروباری منظرنامے کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کیا جا سکے۔تقریب میں شرکاء نے ایکسپو کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے سرمایہ کاری،کاروباری روابط اور ملکی مصنوعات کی عالمی سطح پر تشہیر کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔منتظمین کے مطابق ایکسپو کے ذریعے مختلف کاروباری منصوبوں،رئیل سٹیٹ کے مواقع اور سرمایہ کاری سے متعلق امکانات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر متعارف کرایا گیا،جس سے کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز