Home » پاک فوج کے خلاف بغاوت کا مطالبہ ناقابلِ برداشت،سردار عتیق اور دیگر رہنماوں کا ریاست مخالف عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

پاک فوج کے خلاف بغاوت کا مطالبہ ناقابلِ برداشت،سردار عتیق اور دیگر رہنماوں کا ریاست مخالف عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

by ahmedportugal
13 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت نے ریاست پاکستان اور پاک فوج کے خلاف بیانیہ اختیار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی بغاوت پر اکسانے یا ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جبکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین سزاوں کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان،مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی صدر نبیلہ ایوب اور دیگر رہنماوں نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔رہنماوں نے کالعدم ایکشن کمیٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ عوامی حقوق کے نام پر درحقیقت ایک مخصوص ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،جس کا مقصد انتشار پھیلانا اور ریاستی اداروں کو متنازع بنانا ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ سے محب وطن رہے ہیں اور پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ تاریخی،نظریاتی اور جذباتی بنیادوں پر قائم ہے تاہم کچھ عناصر کی جانب سے عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں،جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے پاک فوج کے خلاف بغاوت کا مطالبہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جانا چاہیے،پاک فوج اپنے نظم و نسق کے ساتھ ایک منظم فوج ہے،پاکستان کی فورسز حرمین شریف کی خفاظت کر رہی ہیں،پاکستان نے تیسری عالمی جنگ کو رکوایا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کشیدگی سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے تاہم حکومت پاکستان نے اب تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے،قانون شکنی کرنے والے عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ پاک فوج ایک منظم اور مضبوط ادارہ ہے جس پر قوم کو مکمل اعتماد ہے۔سردار عتیق نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشمیریوں اور پاک فوج کے درمیان تعلق محض رسمی نہیں بلکہ تاریخی نوعیت کا حامل ہے،جو قیام پاکستان سے بھی قبل کا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حساس علاقوں کی ذمہ داری کشمیریوں کو سونپنا اس اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

اس موقع پر شاہ غلام قادر نے کہا کہ خواجہ مہران نے اپنی تقریر میں پاک فوج میں خدمات سرانجام دینے والے کشمیر کے لوگوں کو بغاوت پر اکسایا ہے،آزاد کشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں حکومت پاکستان نے ہمیشہ خصوصی توجہ دی ہے جبکہ چند عناصر انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں عوامی حمایت حاصل نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 99 فیصد کشمیری آج بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔نبیلہ ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہے اور اس کے خلاف بغاوت کی بات کرنا ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ چند افراد کے اقدامات کو پورے خطے کے عوام سے منسوب نہیں کیا جا سکتا اور ایسے عناصر کو فوری طور پر خود کو عوام سے الگ کر لینا چاہیے۔پریس کانفرنس کے دوران ایک ویڈیو بھی پیش کی گئی جس میں مبینہ طور پر سکیورٹی اہلکاروں پر تشدد اور ریاست مخالف بیانیے کو اجاگر کیا گیا، جسے رہنماوں نے انتشار پھیلانے کی منظم کوشش قرار دیا۔سیاسی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان محبت،اعتماد اور یکجہتی کے رشتے کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا اور ریاستی سالمیت کے خلاف ہر سازش کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز