وفاقی کابینہ کے اجلاس:
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی گئی۔
قبل ازیں وزیراعظم نے کابینہ کو صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا۔ کابینہ ارکان کو جے یو آئی کے رہنما مولانا فضل الرحمان کی جانب سے موصول ہونے والے جواب سے آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل نے کابینہ کو آئینی ترمیم کے مسودے سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے میں مجوزہ تبدیلیوں پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے آخر میں آئین میں ترامیم کے مسودے کی منظوری دے دی۔
واضح رہے کہ کابینہ اجلاس سے قبل شہباز شریف نے صدر زرداری سے اہم ملاقات کی۔ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ترمیمی پیکج کی منظوری کیلئے حتمی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکمران اتحاد نے آج کسی بھی قیمت پر آئینی ترمیم منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ نے یہ فیصلہ بہترین قومی مفاد میں ترقی اور عوامی بہبود کی خاطر کیا ہے۔