Home » پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ناقابل برداشت قرار،بزنس فورم کا حکومت سے لیوی میں 60 روپے کمی کا مطالبہ

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ناقابل برداشت قرار،بزنس فورم کا حکومت سے لیوی میں 60 روپے کمی کا مطالبہ

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان بزنس فورم نے موجودہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عوام اور کاروباری طبقے کے لیے ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم سے پٹرولیم لیوی میں 60 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ کردیا ہے۔فورم کا کہنا ہے کہ ہر معاشی بوجھ عوام اور کاروباری برادری پر منتقل نہیں کیا جا سکتا، حکومت کی معاشی ٹیم کو صرف ریونیو بڑھانے کی سوچ سے نکل کر معاشی ریلیف اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر بھی توجہ دینا ہو گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر احمد جواد نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 114 روپے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے،جس کے نتیجے میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور معیشت سست روی کا شکار ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہتے بلکہ اشیائے ضروریہ،پیداواری لاگت،کاروباری اخراجات اور مجموعی مہنگائی پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔احمد جواد کے مطابق کاروباری طبقہ پہلے ہی مہنگی بجلی،لوڈشیڈنگ اور دیگر معاشی مشکلات کا سامنا کررہا ہے،ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کاروباری سرگرمیوں کو مزید متاثر کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیکس ریونیو میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے لیکن اس کے باوجود معیشت مطلوبہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ رہی،جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کہیں نہ کہیں معاشی پالیسی میں بنیادی خرابی موجود ہے۔

چیف آرگنائزر پاکستان بزنس فورم نے حکومت پر زور دیا کہ معاشی پالیسیوں کو صرف محصولات میں اضافے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھی موثر اقدامات کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس وقت ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جو پیداواری لاگت کم کرنے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کرنے اور معاشی پہیے کو تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔احمد جواد نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے صرف پٹرولیم لیوی کی مد میں 1568 ارب روپے جمع کیے،حکومتی اخراجات میں معمولی نوعیت کی کمی کرکے پٹرولیم لیوی میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے،جس کا براہ راست فائدہ عوام اور کاروباری طبقے کو پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی میں فوری طور پر 60 روپے فی لیٹر کمی کی جائے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف مل سکے اور اس کے نتیجے میں مہنگائی اور کاروباری لاگت میں کمی لانے کی راہ ہموار ہو۔فورم نے حکومت سے زرعی شعبے کے حوالے سے بھی اہم مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نومبر سے قبل گندم کی سپورٹ پرائس کا اعلان کیا جائے تاکہ کاشتکاروں کو آئندہ فصل کے حوالے سے بروقت پالیسی اور قیمت کا واضح تعین مل سکے۔ پاکستان بزنس فورم کے مطابق گندم کی سپورٹ پرائس کا بروقت اعلان زرعی شعبے میں فیصلوں اور منصوبہ بندی کے لیے اہم ہے۔کاروباری برادری نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت کو بڑھتے ہوئے ریونیو اہداف کے ساتھ ساتھ عوامی ریلیف،پیداواری لاگت میں کمی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا، بصورت دیگر مہنگائی اور کاروباری مشکلات کا دباو معیشت کی بحالی کی کوششوں کو مزید متاثر کرسکتا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز