پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ کے ویڈیو بیان میں سعودی عرب سے متعلق گفتگو پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ردعمل، کہا سیاست چمکانے کیلئے سعودی عرب پر الزام تراشی افسوسناک ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے معمولی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے سعودی عرب پر سنگین الزام عائد کیا ہے۔ ہم تمام سیاسی قوتوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کی خارجہ پالیسی پر سمجھوتہ کرنے سے باز رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ہمارا قریبی دوست اور برادر ملک ہے۔ یہ رشتہ باہمی احترام پر مبنی ہے۔ ہم سعودی عرب کے ترقی اور خوشحالی کے سفر کی بے حد تعریف کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم کو سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات پر فخر ہے۔ کیونکہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔