اسلام آباد احتجاج کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا قافلہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور بانی کی اہلیہ کی قیادت میں برہان کے قریب ڈھوک گھر پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کی قیادت وزیر اعلیٰ کے پی کر رہے ہیں جبکہ سابق خاتون اول کی گاڑی اں کے پیچھے ہے۔
قبل ازیں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بشریٰ بی بی اور گنڈا پور کے درمیان قیادت کے تنازع کے باعث پشاور سے پی ٹی آئی کا قافلہ تاخیر کا شکار ہوا۔
شیڈول کے مطابق علی امین گنڈا پور کو قافلے کی قیادت کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی چارج سنبھالنے پر اصرار کر رہی ہیں جس سے پارٹی صفوں میں تناؤ پیدا ہو رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، گنڈا پور نے دلیل دی کہ پارٹی کے بانی نے کہا ہے کہ آپ سیاست میں شامل نہیں ہیں، اس لیے آپ کو قافلے کی قیادت کرنے کی بجائے گھر میں رہنا چاہیے۔
دوسری جانب، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے ردعمل میں حکام نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔