Home » اڈیالہ جیل کے باہر طاقت کا بدترین مظاہرہ،سخت سردی میں ٹھنڈے پانی کی بوچھاڑ،لاٹھی چارج اور گرفتاریاں،عمران خان کی بہنیں اور راجا ناصر عباس بھی نہ بچ سکے

اڈیالہ جیل کے باہر طاقت کا بدترین مظاہرہ،سخت سردی میں ٹھنڈے پانی کی بوچھاڑ،لاٹھی چارج اور گرفتاریاں،عمران خان کی بہنیں اور راجا ناصر عباس بھی نہ بچ سکے

by ahmedportugal
124 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)اڈیالہ جیل کے باہر صورتحال اس وقت شدید کشیدگی اختیار کر گئی جب عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر جمع ہونے والے پرامن مظاہرین پر پولیس نے رات کے آخری پہر طاقت کا بدترین استعمال کیا، شدید سردی کے باوجود واٹر کینن کے ذریعے ٹھنڈے اور مبینہ طور پر کیمیکل ملے پانی کی بوچھاڑ کی گئی، لاٹھی چارج کیا گیا اور متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا، اس کارروائی کے دوران عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان بھی واٹر کینن کی زد میں آ گئیں جبکہ بزرگ سیاستدان اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس بھی پولیس تشدد سے محفوظ نہ رہ سکے، پولیس نے تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ دھرنے کی جگہ کو مکممل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے،جس پر سیاسی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر جاری دھرنا رات گئے شدید تصادم میں تبدیل ہو گیا، جہاں پولیس نے مظاہرین پر واٹر کینن کا بے دریغ استعمال، لاٹھی چارج اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں شروع کر دیں۔ شدید سردی کے باوجود پولیس نے دھرنے کے شرکاءپر ٹھنڈا پانی برسایا جبکہ مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ واٹر کینن کے پانی میں کیمیکل ملایا گیا تھا جس سے بعض کارکنان کی جلد جلنے لگی۔عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے دھرنے کی جگہ زبردستی خالی کروالی، متعدد کارکنان کو حراست میں لیا گیا جبکہ گلیوں میں جان بچانے کے لیے چھپنے والے کارکنان کا بھی پیچھا کر کے گرفتاریاں کی گئیں۔ پولیس واٹر کینن کے ہمراہ کارکنان کو دھکیلتی ہوئی گورکھ پور ناکے تک پہنچ گئی جہاں مزید افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔واٹر کینن کی زد میں آ کر عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی مکمل طور پر بھیگ گئیں۔

علیمہ خان نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پانی میں کیمیکل ملایا گیا تھا،پرامن خواتین اور نہتے کارکنان پر اس شدید موسم میں ایسا تشدد قابل مذمت ہے۔صورت حال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب پولیس افسر کی جانب سے اہلکاروں کو ” ان کو زمین پر لیٹا دو“ کے احکامات دیے گئے،جس کے بعد گرفتار کارکنان کو زمین پر بٹھایا گیا۔موقع پر موجود ایک پولیس اہلکار کارکنان کو گالیاں دیتا ہوا بھی سنائی دیا۔دھرنے کے دوران بزرگ سیاست دان اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس بھی واٹر کینن کی زد میں آ گئے۔ ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی اور دیگر رہنماوں نے اس کارروائی کو بدترین ریاستی جبر قرار دیا۔ کارکنان نے واٹر کینن کے سامنے کھڑے ہو کر عمران خان کی بہنوں اور خواتین کی حفاظت کے لیے انسانی حصار بنایا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کیمیکل زدہ پانی کے باعث ایک نوجوان کا جسم جلنے لگا جبکہ متعدد کارکنان کی حالت غیر ہو گئی۔پر امن مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس نہ صرف واٹر کینن بلکہ پتھراو بھی کر رہی ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ سب عمران خان کی آواز سے خوف کا نتیجہ ہے،عمران خان سے وکلاء اور اہل خانہ کی ملاقات آئینی حق ہے،اگر ملاقات نہیں کروائی جاتی تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ملک میں قانون اور عدالتی نظام کو عملاً معطل کر دیا گیا ہے۔رات کے آخری پہر  اڈیالہ جیل کے باہر شدید کشیدگی برقرار رہی،جہاں بڑی تعداد میں خواتین سمیت پی ٹی آئی کارکنان موجود تھے۔شدید سردی میں واٹر کینن کے استعمال اور گرفتاریوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا جبکہ مظاہرین  نے اعلان کیا کہ وہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز