جھنگ(ایگزو نیوز ڈیسک)جھنگ میں تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم کے بھائیوں کے درمیان معمولی تنازعہ خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، جہاں سرگودھا روڈ پر پیش آنے والے واقعے میں دو حقیقی بھائیوں کے گارڈز آمنے سامنے آ گئے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سابق صدر چیمبر آف کامرس شیخ فواد اکرم اپنے گن مینوں کے ہمراہ سرگودھا روڈ پر سفر کر رہے تھے کہ پٹرول پمپ کے قریب ان کی گاڑی شیخ شیراز اکرم اور شیخ مکرم وحید کی گاڑی سے معمولی طور پر ٹکرا گئی۔ گاڑیوں کی ٹکر کے بعد ابتدا میں دونوں اطراف کے گن مینوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں بدل گئی اور پھر چند لمحوں میں فائرنگ کے تبادلے نے صورتحال کو نہایت سنگین بنا دیا۔
ایگزو نیوزکے مطابق دونوں پارٹیوں کے مسلح گارڈز نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار گن مین گولیوں کا نشانہ بنے۔ زخمیوں میں 40 سالہ محسن ولد محمد حسین قوم نول شامل تھے جنہیں تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ دیگر زخمیوں میں 46 سالہ افتخار احمد ولد محمد نواز قوم میراثی، 32 سالہ ساجد ولد عابد قوم نیازی اور 50 سالہ عصمت اللہ ولد سیف اللہ قوم نیازی شامل ہیں جن کا علاج مختلف ہسپتالوں میں جاری ہے۔ پولیس کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی جھنگ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر حالات پر قابو پایا گیا اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے شیخ شیراز اکرم ولد محمد اکرم، مکرم وحید ولد وحید احمد اور ان کے دو گن مینوں سمیت مجموعی طور پر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے کی برآمدگی اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلووں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔ڈی پی او جھنگ بلال افتخار کیانی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معمولی تنازعے کو تشدد اور فائرنگ میں تبدیل کرنا معاشرتی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ایسے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ڈی پی او کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ادھر واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہری حلقوں نے مسلح گارڈز کے بے جا استعمال اور ذاتی تنازعات میں اسلحہ نکالنے کے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں گشت بڑھا دیا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی کو قانون چیلنج کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
جھنگ میں شیخ وقاص اکرم کے بھائیوں کا آپسی تنازعہ خوفناک خونی تصادم میں تبدیل،گارڈز کی فائرنگ سے ایک جاں بحق،تین زخمی
23