کولمبو(ایگزو نیوز ڈیسک)سپر ایٹ مرحلے کے اہم مقابلے میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،جہاں کپتان ہیری بروک کی دھواں دار سنچری پاکستان کی شکست کی بڑی وجہ بنی،گرین شرٹس کی بولنگ لائن ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہی اور اہم میچ میں شکست کے بعد پاکستان تقریبا ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے،جس سے شائقین کرکٹ میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق سپر ایٹ مرحلے کے اہم مقابلے میں انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔پالی کیلے میں کھیلے گئے سپر ایٹ مرحلے کے پانچویں میچ میں انگلینڈ نے 165 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی سے حاصل کر لیا۔ انگلینڈ نے ہدف مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر عبور کیا۔انگلینڈ کی کامیابی میں کپتان ہیری بروک نے مرکزی کردار ادا کیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 100 رنز سکور کیے۔انہوں نے مشکل مواقع پر ٹیم کو سنبھالا اور ٹیم کو فتح تک پہنچایا۔ وِل جیکس نے 25 رنز بنا کر ناٹ آوٹ اننگز کھیلی اور بروک کا بھرپور ساتھ دیا۔دیگر بلے بازوں میں سیم کرن 16،جیکب بیتھل 8،جوس بٹلر 2،ٹام بینٹن 2 جبکہ فل سالٹ بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تاہم دیگر بولرز خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکے۔اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز سکور کیے۔پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 63 رنز سکور کیے اور ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔دیگر بلے بازوں میں فخر زمان اور بابر اعظم نے 25،25 رنز بنائے جبکہ شاداب خان نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان 8،صائم ایوب 7،کپتان سلمان آغا 5،شاہین شاہ آفریدی 2 اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے جبکہ سلمان مرزا 2 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے موثر بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔عادل راشد نے ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہی جبکہ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور انگلینڈ کو سیمی فائنل تک رسائی دلا دی۔انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی اگر مگر کا شکار ہو گئی ہے۔
ہیری بروک کا بیٹ چل پڑا،پاکستان کی بولنگ بے اثر،انگلینڈ نے پاکستان کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،گرین شرٹس ایونٹ سے باہر
5