برطانیہ کی پولیس اور کرائم منسٹر ڈیم ڈیانا جانسن کا پرس سینیئر پولیس افسران کی سالانہ کانفرنس میں چوری ہو گیا۔
بی بی سی کے مطابق برطانیہ کی پولیس اور کرائم منسٹر ڈیم ڈیانا جانسن کا پرس ایک ہوٹل سے چوری ہوا جہاں وہ ایک سرکاری کانفرنس میں سینئر پولیس افسران سے بات کر رہی تھیں۔ اس واقعے نے پولیس کی کارکردگی اور ملک میں سکیورٹی کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔ جبکہ ڈیم ڈیانا نے پولیس سپرنٹنڈنٹس ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس میں کنزرویٹو کو معاشرتی رویے اور چوری کی وبا کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
ادھر، وارکشائر پولیس نے بتایا کہ کوونٹری کے ایک 56 سالہ شخص کو چوری کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا جسے بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ ہوم آفس نے کانفرنس میں جانسن کا سامان چوری ہونے کی تصدیق کی لیکن کسی بھی حفاظتی خطرات کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق، یہ چوری اسی دن ہوئی جب حکومت نے انگلینڈ اور ویلز میں جیلوں میں بھیڑ بھاڑ سے نمٹنے کیلئے کچھ قیدیوں کو رہا کرنا شروع کیا۔