سانتا کروز(ایگزو نیوز ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز برائن لارا نے پاکستان کے سابق کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے مناسب طبی سہولیات اور باوقار حالات کی فراہمی سے متعلق عالمی اپیل کی حمایت کردی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق برائن لارا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کو آزادانہ اور مناسب طبی نگہداشت فراہم کی جانی چاہیے اور انہیں وہ انسانی وقار بھی ملنا چاہیے جس کا ہر فرد بنیادی طور پر حقدار ہے۔سابق ویسٹ انڈین کپتان نے کہا کہ اگرچہ ان کی عمران خان سے کرکٹ کے میدان میں صرف چند مرتبہ ملاقات یا مقابلہ ہوا تاہم 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والے پاکستانی کپتان کے لیے ان کے دل میں احترام ہمیشہ سے موجود رہا ہے اور یہ احترام وقت کے ساتھ برقرار رہا۔برائن لارا نے اپنے بیان میں عمران خان کی موجودہ صورتحال پر حیرت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جو شخص اپنے کھیل کے عروج پر اپنے ملک کے لیے امید،فخر اور تحریک کی علامت بن گیا تھا، وہ آج ایسے حالات سے کیسے دوچار ہے جہاں اسے مطلوبہ ہمدردی اور انسانی وقار میسر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان سابق بین الاقوامی کپتانوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو عمران خان کے لیے مناسب اور آزادانہ طبی سہولیات کی فراہمی اور انسانی وقار کے مطابق سلوک کا مطالبہ کررہے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز نے اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے یہ اپیل کسی سیاسی بحث کا حصہ نہیں بلکہ کرکٹ کی ایک عظیم شخصیت کے ساتھ بنیادی انسانی ہمدردی اور انسانیت کا تقاضا ہے۔برائن لارا کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عمران خان کی صحت،طبی سہولیات اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک سے متعلق مطالبات اور اپیلیں سامنے آتی رہی ہیں۔ان کے بیان نے سابق پاکستانی کپتان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے سامنے آنے والی حمایت میں ایک اور نمایاں آواز کا اضافہ کردیا ہے۔
یہ سیاست نہیں،انسانیت کا معاملہ ہے،کرکٹ لیجنڈ برائن لارا نے عمران خان کے حق میں آواز اٹھا دی،مناسب طبی نگہداشت اور وقار کا مطالبہ
17