برگن اسٹاک(ایگزو نیوز ڈیسک)عالمی سفارتکاری میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے اعلیٰ سطح مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو گئے ہیں۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اس پیش رفت کو بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین کے درمیان 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے واضح روڈ میپ طے کر لیا گیا ہے جبکہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اعلیٰ سطح نگرانی کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت منعقد ہونے والی پہلی اعلیٰ سطح کمیٹی کا اجلاس سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے،جسے عالمی سفارتی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعظم کے مطابق مذاکرات خوشگوار،مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے،جن کے نتیجے میں متعدد اہم امور پر پیش رفت سامنے آئی۔انہوں نے بتایا کہ فریقین کے درمیان آئندہ 60 دن کے اندر ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے باقاعدہ روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ اس عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطح سیاسی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے،اس کے علاوہ تکنیکی سطح پر مزید مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔شہباز شریف نے امریکہ اور ایران کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تعمیری مذاکرات کے لیے سنجیدہ عزم کا مظاہرہ کیا،جو اس پیش رفت کا بنیادی سبب بنا۔انہوں نے ان تمام دوست اور برادر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں معاونت فراہم کی۔
وزیراعظم نے خاص طور پر قطر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک نے مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ سوئس حکومت کی میزبانی اور سہولت کاری کو بھی سراہا،جس نے اس عمل کو کامیابی سے مکمل کرنے میں اہم حصہ ڈالا۔انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو نمایاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، عزم اور مستقل مزاجی نے اس عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔وزیراعظم کے مطابق ان کی قیادت اور حکمت عملی کے بغیر یہ پیش رفت ممکن نہ تھی۔مزید برآں وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا،جنہوں نے اس سلسلے میں موثر معاونت فراہم کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر مکالمے،سفارت کاری اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مخلصانہ کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا اور خطے سمیت دنیا میں استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گا۔