باجوڑ(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جماعت اسلامی کے اہم رہنما مولانا وحید گل کی رہائش گاہ پر زور دار بم دھماکے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ دھماکے میں گھر، حجرہ اور ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے اور حملے کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔واقعے نے مقامی عوام میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے اور سیکیورٹی حکام دھماکے کی نوعیت اور ممکنہ محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر اور سابق صوبائی اسمبلی امیدوار مولانا وحید گل کی رہائش گاہ پر بم حملہ کیا گیا،جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،پولیس کے مطابق دھماکے میں گھر،حجرہ اور ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ مولانا وحید گل واقعے کے وقت گھر پر موجود نہ ہونے کے باعث محفوظ رہے۔
ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملے میں IED (آئی ای ڈی) استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد مولانا وحید گل کے حجرے کے مرکزی گیٹ کے قریب نصب کیا گیا تھا، جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور تمام پہلووں سے تحقیقات جاری ہیں۔ابتدائی طور پر کسی تنظیم یا گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور مواد کے پیش نظر اسے سیاسی یا ہدف بنا کر کیا گیا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔پولیس اور سیکیورٹی اہلکار علاقے میں اضافی چیک پوسٹس قائم کر چکے ہیں اور مقامی عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تا کہ جلد از جلد حملہ آوروں کا تعین اور گرفتاری ممکن ہو سکے۔مولانا وحید گل کے سیاسی ساتھیوں نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔
باجوڑ میں جماعت اسلامی کے اہم رہنما کے گھر پر بم حملہ،علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا
4