Home » بولان میں گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ،کوئٹہ سمیت 7 علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر،شہر میں موبائل انٹرنیٹ بھی بند

بولان میں گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ،کوئٹہ سمیت 7 علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر،شہر میں موبائل انٹرنیٹ بھی بند

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

کوئٹہ(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے ضلع بولان میں تخریب کاری کے باعث 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر ہونے کے بعد کوئٹہ،کولپور،مچھ، مستونگ،قلات،پشین اور زیارت سمیت کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی شدید متاثر ہوگئی ہے جبکہ کوئٹہ شہر میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر موبائل فون انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے حکام کے مطابق متاثرہ پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا،جس کے بعد گیس کی معمول کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد کوئٹہ کو متبادل 12 انچ قطر کی پائپ لائن کے ذریعے گیس فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم محدود صلاحیت کے باعث گیس پریشر کا مسئلہ برقرار ہے۔ایس ایس جی سی حکام کے مطابق متاثرہ 18 انچ قطر کی پائپ لائن کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع نہیں کیا جا سکا کیونکہ مرمتی ٹیموں کی جائے وقوعہ تک رسائی کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس درکار ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی متعلقہ ٹیموں کو متاثرہ مقام پر روانہ کردیا جائے گا اور پائپ لائن کی مرمت کا عمل شروع کیا جائے گا۔پائپ لائن کی خرابی کے باعث کوئٹہ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو گیس کی کمی اور کم پریشر کا سامنا ہے۔متبادل لائن سے سپلائی برقرار رکھنے کی کوشش کے باوجود موجودہ نظام متاثرہ علاقوں کی معمول کی طلب پوری کرنے کے لیے کافی ثابت نہیں ہو رہا۔

دوسری جانب کوئٹہ شہر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بھی اچانک معطل کردی گئی۔اطلاعات کے مطابق سروس دن 12 بجے کے بعد مرحلہ وار بند ہونا شروع ہوئی، جس کے باعث شہریوں کو آن لائن رابطوں،ڈیجیٹل خدمات اور روزمرہ کے دیگر امور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس کے مطابق موبائل انٹرنیٹ سروس سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر معطل کی گئی ہے۔حکام نے سروس کی بحالی کے حوالے سے فوری طور پر کوئی حتمی وقت نہیں بتایا۔بلوچستان میں گیس پائپ لائن کی تخریب کاری اور موبائل انٹرنیٹ کی معطلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صوبے کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ضلع سوراب میں بھی دہشت گردی سے متعلق ایک واقعہ پیش آیا تھا،جہاں دہشت گرد بارودی گاڑی یعنی وہیکل بیسڈ امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس (VBIED) تیار کررہے تھے کہ اسی دوران قبل از وقت دھماکا ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق واقعے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے ثانوی دھماکے بھی ہوئے، جن کے نتیجے میں قریب موجود 3 شہری جاں بحق ہوگئے۔

پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے۔سوراب کے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن شروع کیا، جبکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں اور بارودی مواد کے خلاف کارروائی جاری رکھی گئی۔بولان میں گیس پائپ لائن پر دھماکے کے بعد بلوچستان کے توانائی اور مواصلاتی نظام پر دباو مزید نمایاں ہوگیا ہے۔ گیس کی فراہمی متاثر ہونے سے شہری اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ موبائل انٹرنیٹ کی بندش نے رابطوں سے متعلق مشکلات میں بھی اضافہ کردیا ہے۔حکام کے مطابق متاثرہ گیس پائپ لائن کی بحالی کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس بنیادی شرط ہے۔مرمتی ٹیموں کی روانگی اور کام مکمل ہونے کے بعد ہی گیس سپلائی معمول پر آنے کا امکان ہے تاہم بحالی کے لیے درکار وقت کا حتمی تعین موقع کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔بلوچستان میں حالیہ واقعات نے ایک مرتبہ پھر توانائی تنصیبات،مواصلاتی نظام اور اہم انفراسٹرکچر کی سیکیورٹی کو اجاگر کردیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات مزید سخت کیے ہوئے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز