ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں واپس آنا کرپٹو کرنسی کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ بٹ کوائن 81 ہزار کی ریکارڈ بلندی پر پہنچ گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق بٹ کوائن پہلی بار 81 ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچا ہے۔ اس کرپٹو کرنسی کی قیمت میں اضافہ اس وقت شروع ہوا جب ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ منگل کو امریکی صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی، کیونکہ یہ تاثر تھا کہ ٹرمپ ڈیجیٹل کرنسیوں پر قواعد و ضوابط میں نرمی کریں گے۔
بدھ کے روز بٹ کوائن کی قیمت 75,000 ڈالر تک پہنچی، جو کہ اس سے پہلے مارچ میں 73,797.98 ڈالر کی بلند ترین سطح سے تجاوز کر گئی تھی۔
ٹرمپ کو کرپٹو کرنسی کے حامی امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، جو ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس کے مقابلے میں تھے۔
اپنے پہلے دورِ صدارت کے دوران ٹرمپ نے کرپٹو کرنسیوں کو فراڈ قرار دیا تھا، لیکن اس کے بعد انہوں نے اپنے موقف میں نمایاں تبدیلی کی ہے اور اپنے ہی پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ عہد کیا ہے کہ وہ امریکہ کو "دنیا کا بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کا دارالحکومت” بنائیں گے۔