امریکا کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخی فتح کے بعد بِٹ کوائن کا ایک لاکھ ڈالر کی طرف اپنا سفر تیزی سے جاری ہے۔
بِٹ کوائن کی قیمت نے ایشیا کی تجارت کے دوران پہلی بار 96,000 ڈالر سے زیادہ کا ہندسہ عبور کیا ہے اور یہ 96,898 ڈالر تک پہنچ گئی۔ کرپٹو کرنسی کی قیمت اس سال میں دوگنی ہو چکی ہے اور ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے اور کانگریس میں کرپٹو حامی سیاست دانوں کے انتخاب کے بعد سے یہ قیمت تقریباً 40 فیصد بڑھی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے انتخابی مہم کے دوران ڈیجیٹل اثاثوں کا خیرمقدم کیا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ وہ امریکہ کو "دنیا کا کرپٹو دارالحکومت” بنائیں گے اور بِٹ کوائن کا قومی ذخیرہ اکٹھا کریں گے۔ انتخابات کے بعد سے امریکہ میں لسٹڈ بِٹ کوائن ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایف) میں 4 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری آئی ہے۔
آئی جی مارکیٹس کے تجزیہ کار ٹونی سائی کامور نے کہا، "اگرچہ اب یہ اوور بوٹ زون میں ہے، لیکن یہ 100,000 ڈالر کی سطح کی طرف بڑھ رہا ہے۔”
کرپٹو سے متعلق اسٹاکز بھی بِٹ کوائن کی قیمت کے ساتھ بڑھ رہے ہیں، اور بِٹ کوائن مائنر "مارا ہولڈنگز” کے شیئرز راتوں رات 14 فیصد بڑھ گئے۔