کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 12 مئی کو ظلم اور جبر کے خلاف عوامی مزاحمت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن دی جانے والی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں جمہوریت،انصاف اور قانون کی حکمرانی کے قیام کے لیے جدوجہد بدستور جاری رکھی جائے گی اور شہدا کے مشن کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر کراچی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس المناک واقعے میں معصوم جانوں کو نفرت اور تشدد کی بھینٹ چڑھایا گیا تاہم ان کی قربانیاں آج بھی جمہوریت،انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے ایک ناقابل فراموش اور لازوال یادگار ہیں۔انہوں نے کہا کہ 12 مئی کا دن محض ایک سانحہ نہیں بلکہ عوام کے غیر متزلزل عزم اور جمہوری جدوجہد کی علامت بن چکا ہے،جہاں سیاسی کارکنان اور شہریوں نے خوف اور جبر کے خلاف بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر بہنے والا خون اس حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ عوام اپنے حقوق اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومیں اپنے زخموں کو فراموش کرنے کے بجائے انہیں سچائی اور وقار کے ساتھ یاد رکھ کر ہی آگے بڑھتی ہیں اور یہی رویہ قومی استحکام اور حقیقی جمہوری اقدار کے فروغ کا ضامن بنتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک پرامن،جمہوری اور روادار معاشرے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،جہاں کسی شہری کی آواز کو تشدد کے ذریعے دبایا نہ جا سکے اور کسی شہر کو خوف و ہراس کے سائے میں نہ رکھا جائے۔