گلگت(ایگزو نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان کے انتخابی میدان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر خطے کی ترقی،وسائل کے بہتر استعمال اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے بڑے وعدوں کے ساتھ سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور اسے ”کوہ نور“ کی طرح چمکانے کا وژن پیپلز پارٹی کے پاس موجود ہے،پیپلز پارٹی نہ صرف خطے کو آئینی اور سیاسی حقوق دلانے کے لیے پرعزم ہے بلکہ 7 جون کے بعد نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار فراہم کرنے کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت گلگت بلتستان کے عوام کو ان کا حقِ حاکمیت دلوانے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور یہ جدوجہد تین نسلوں پر محیط ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالامال خطہ ہے اور اس کی ترقی کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران بھی وہ خطے کے ہر تحصیل میں گئے اور پیپلز پارٹی کا منشور عوام کے سامنے رکھا، جس کے نتیجے میں ان کی جماعت کو بھرپور عوامی حمایت ملی۔ ان کے مطابق گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے تاہم فارم 45 کے مطابق عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا اور ان کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، اس بار وہ اپنی بہن آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ آئے ہیں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے ووٹ کی حفاظت کریں تاکہ کسی قسم کی ناانصافی نہ ہو۔بلاول بھٹو نے خطے اور عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت مختلف چیلنجز سے گزر رہی ہے، جن میں ایران، لبنان اور غزہ کی صورتحال شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ موجودہ حالات میں کون سی جماعت ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کی تاریخی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی پروگرام دیا، جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ میں کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی دفاع اور خودمختاری کو مضبوط کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران-پاکستان گیس پائپ لائن کی بنیاد بھی صدر آصف علی زرداری نے رکھی تھی، جبکہ ان کے دور میں مختلف بیسز بند کر کے قومی مفاد کا تحفظ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان نسبتاً محفوظ ہے تو اس میں ماضی کے فیصلوں کا بھی کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں بے شمار قدرتی وسائل موجود ہیں اور یہ خطہ کوہ نور ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہاں تھرپارکر ماڈل پر بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جہاں سے 50 ہزار میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ 7 جون کے بعد نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مقصد عام آدمی کو ترقی دینا ہے جبکہ دیگر جماعتیں امیروں کے مفادات کی سیاست کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ہمیشہ روزگار کو عوام کا حق سمجھا اور اگر روزگار دینا جرم ہے تو یہ جرم وہ بار بار دہرائیں گے۔ بلاول بھٹو کے مطابق پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق دلوانے کے لیے پرعزم ہے اور یہ سفر جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔
گلگت بلتستان وسائل سے مالامال، اسے کوہ نور بنائیں گے،بلاول بھٹو کا انتخابی جلسہ،نوجوانوں کیلئے نوکریوں کا اعلان
14