Home » کراچی ترقی کے نئے دور میں داخل؟بلاول بھٹو کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیٹی بندر پورٹ بنانے کا اعلان

کراچی ترقی کے نئے دور میں داخل؟بلاول بھٹو کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیٹی بندر پورٹ بنانے کا اعلان

by ahmedportugal
26 views
A+A-
Reset

کراچی(ایگزو نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی ترقی کے لیے ایک بڑے اور اہم منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیٹی بندر پورٹ قائم کی جائے گی،جس سے نہ صرف ساحلی علاقوں کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ کراچی کو خطے میں ایک نئی معاشی شناخت بھی ملے گی۔وہ شہر قائد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے،جہاں انہوں نے اس منصوبے کو شہر کی ترقی کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پہلی نئی بندرگاہ(کیٹی بندر پورٹ) قائم کی جائے گی،جس کا مقصد شہر کی معیشت کو مضبوط بنانا اور ساحلی علاقوں میں ترقی کے نئے دروازے کھولنا ہے۔وہ شہر قائد میں شاہراہ بھٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی ہے اور کراچی میں جو ترقیاتی کام 2008 کے بعد ہوئے وہ شہر کی تاریخ کا اہم باب ہیں۔ان کے مطابق 1947 سے 2008 تک جتنے ترقیاتی منصوبے ہوئے ان سے کہیں زیادہ کام پیپلز پارٹی کے دور میں مکمل کیے گئے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی پاکستان کا ہیلتھ کیئر حب بن چکا ہے اور این آئی سی وی ڈی جیسے ادارے عالمی معیار کے مطابق مفت علاج فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے سیاسی مخالفین کو دعوت دی کہ وہ این آئی سی وی ڈی کا دورہ کریں تاکہ زمینی حقائق کو سمجھ سکیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عوام کو پاکستان سٹیل،شارع فیصل اور لیاری ایکسپریس وے جیسے بڑے منصوبے دیے گئے جبکہ پارٹی کا وژن کاروباری طبقے کے ساتھ مل کر ملک کی معیشت کو آگے بڑھانا ہے۔ان کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پاکستان میں ترقیاتی ماڈل کو خطے میں مثال بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ فنانشل سینٹر کے قیام سے کراچی عالمی مالیاتی مقابلے میں بہتر کردار ادا کر سکے گا جبکہ شہر کو ملک کا سب سے زیادہ ترقی کرنے والا شہر بنانے کا ہدف ہے۔خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی چیلنجز کا شکار ہے اور ایسے میں عدم استحکام نہیں بلکہ اتحاد کی ضرورت ہے۔ان کے مطابق پیپلز پارٹی محدود وسائل کے باوجود عوامی ریلیف کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے جن میں کسان کارڈ،موٹرسائیکل سبسڈی اور ماہی گیروں کے لیے ریلیف اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیٹی بندر پورٹ منصوبہ مکمل ہونے سے ٹھٹھہ،سجاول اور بدین جیسے علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور کراچی کی معیشت کو نئی سمت ملے گی۔بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ترقی صرف نعروں سے نہیں بلکہ عملی کام سے آتی ہے اور اگر سب سیاسی قوتیں مل کر کام کریں تو شہر،صوبہ اور ملک ترقی کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے باوجود وقت کا تقاضا ہے کہ معاشی مشکلات کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز