لڈن(ماجد حسین سے)معروف صحافی بلال شاکر جوئیہ نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی غربت،بھوک اور غذائی قلت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کا سب سے زیادہ بوجھ عام اور کم آمدنی والے خاندانوں پر پڑ رہا ہے،جہاں روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے، مہنگائی،بجلی کے بھاری بلوں،مکانوں کے کرایوں اور بچوں کے اخراجات نے غریب گھرانوں کو شدید دباو میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ مناسب خوراک کی فراہمی بھی بہت سے خاندانوں کے لیے مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
ایگزو نیوز سے خصوصی ملاقات میں بلال شاکر جوئیہ نے بھوک اور غذائی قلت سے متعلق اعدادوشمار کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خوراک کی عدم دستیابی اور بچوں کی نامکمل نشوونما جیسے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں،عالمی بھوک انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق پاکستان 122 ممالک میں 106ویں نمبر پر ہے جبکہ ملک کی 16.1 فیصد آبادی غذائی قلت کا سامنا کر رہی ہے۔اسی رپورٹ کے مطابق پانچ سال سے کم عمر 33.6 فیصد بچے عمر کے لحاظ سے مطلوبہ قد حاصل نہیں کر پاتے،جو طویل عرصے تک ناکافی غذائیت کا ایک اہم اشاریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک عام آدمی کے لیے محدود آمدنی میں گھر کا کرایہ،بجلی کے بل،بچوں کی تعلیم،علاج معالجے اور خوراک کے اخراجات بیک وقت پورے کرنا دشوار ہوتا جا رہا ہے،ایسے حالات میں کم آمدنی والے خاندانوں کو اکثر بنیادی ضروریات کے درمیان انتخاب کرنا پڑتا ہے،حالانکہ خوراک،رہائش اور علاج ہر خاندان کی ناگزیر ضروریات ہیں۔ صحافی بلال شاکر جوئیہ کے مطابق مہنگائی کے اثرات صرف بڑوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ بچوں کی صحت، تعلیم اور مستقبل بھی ان سے متاثر ہوتے ہیں،جب والدین کے لیے گھر میں مناسب خوراک مہیا کرنا مشکل ہو جائے تو بچوں کی جسمانی نشوونما اور مجموعی صحت پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، غذائی قلت کا مسئلہ محض بھوک محسوس کرنے تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات بچوں کی نشوونما اور مستقبل میں ان کی صلاحیتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
بلال شاکر جوئیہ نے زور دیا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے،کیونکہ محض اعلانات اور وعدے روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی نہیں،ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن سے کم آمدنی والے گھرانوں کو حقیقی ریلیف ملے،بنیادی اشیائے خورونوش عام آدمی کی پہنچ میں رہیں اور مستحق خاندانوں کو مناسب خوراک میسر آ سکے۔انہوں نے اس امر کی طرف بھی توجہ دلائی کہ غربت اور غذائی قلت جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے صرف وقتی امداد کافی نہیں بلکہ ایسے موثر اقدامات درکار ہیں جو عام آدمی کی قوتِ خرید بہتر بنانے،روزگار کے مواقع بڑھانے اور مستحق طبقات تک امداد پہنچانے میں مدد دیں،بچوں کی غذائیت،صحت اور نشوونما کے لیے موثر اقدامات کو بھی حکومتی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
بلال شاکر جوئیہ نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک محنت کش شخص اپنی آمدنی سے گھر کا کرایہ،بجلی کا بل اور دیگر لازمی اخراجات پورے کرنے کے بعد بچوں کے لیے مناسب خوراک کا بندوبست نہ کر سکے تو اس کے لیے زندگی گزارنا کس قدر مشکل ہو جاتا ہے،ریاستی پالیسیوں کا اصل مقصد عوام کی مشکلات کم کرنا اور انہیں باعزت زندگی کے مواقع فراہم کرنا ہونا چاہیے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مہنگائی اور غربت سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف دینے کے لیے سنجیدہ اور نتیجہ خیز اقدامات کرے تاکہ کوئی بچہ خوراک کی کمی کے باعث اپنی بنیادی نشوونما سے محروم نہ رہے،غریب خاندانوں کے بچوں کو غربت کے اثرات سے محفوظ رکھنا اور ہر شہری کے لیے مناسب خوراک کی دستیابی یقینی بنانے کی کوشش کرنا ایک اہم قومی ضرورت ہے۔