انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر مارک ووڈ کہنی کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق ووڈ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر کردیا گیا ہے۔
مارک ووڈ اکتوبر میں انگلینڈ کے پاکستان اور دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے محروم ہوں گے اور وہ 2025 کے اوائل تک مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔
ای سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ووڈ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران کہنی کی چوٹ لگی تھی، حالانکہ وہ سری لنکا کے خلاف اس کے بعد ہونے والے ٹیسٹ میچ میں کھیلتے رہے۔ انہوں نے موسم گرما کے شروع میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران اپنی کہنی میں سختی اور تکلیف میں اضافہ محسوس کیا تھا۔
مارک ووڈ نے کہا کہ میں اپنی فٹنس پر ناقابل یقین حد تک سخت محنت کرتا ہوں، اور آئندہ کچھ ماہ میں اپنی انجری پر قابو پا لوں گا۔